(6/5/ 2020) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی وائٹ ہائوس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس جلد ختم کر دیں گے تاکہ ملک کو دوبارہ کھولا جا سکے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ایریزونا میں ماسک بنانے والی فیکٹری کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کو واپس معمول پر لانے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی نائب صدر مائیک پنس اور ان کی ٹاسک فورس نے بہت اچھا کام کیا ہے لیکن ہم لوگوں کے تحفظ اور ملک کو کھولنے سے متعلق غور کر رہے ہیں اور ہم اس کے لیے غالباً ایک گروپ تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کورونا وباء پر قابو پانے کے مشن سے متعلق کہا کہ ابھی یہ مشن مکمل نہیں ہوا ہے، یہ مشن اس وقت مکمل ہو گا جب کورونا وائرس ختم ہو گا
انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ ہر چیز بہترین ہے، لیکن ہاں ٹاسک فورس ختم کرنے سے بعض لوگ متاثر ہوں گے اور بعض بہت زیادہ متاثر ہوں گے لیکن ہمیں اپنے ملک کو کھولنا ہے اور ہم اسے بہت جلد کھولیں گے اور معمول پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس ختم ہونے کے بعد بھی اس کے ماہرین ڈاکٹر ڈیبوراہ برکس اور ڈاکٹر اینتھنی فائوکی سمیت دیگر ڈاکٹرز اور ماہرین کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں شامل رہیں گے۔
امریکی نائب صدر مائیک پینس نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ رواں ماہ کے آخر تک ایمرجنسی ٹاسک فورس کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ25 مئی یا جون کے اوائل میں ٹاسک فورس بند کرنا ہوگی اور جلد ہی ٹاسک فورس کی ذمہ داریاں سرکاری ایجنسیوں کے حوالے کر دی جائیں گی۔
No comments:
Post a Comment